کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست ، لاہور قلندرز پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی

10:59 PM, 13 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 20 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے فخر زمان اور کامران غلام کی عمدہ بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر ناصرف ٹورنامنٹ کی پانچویں فتح اپنے نام کر لی ہے بلکہ پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بھی بن گئی ہے۔ فخر زمان نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے ایونٹ کی پانچویں نصف سنچری سکور کی اور کامران غلام نے 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو شاہین شاہ آفریدی کا جادو سر چڑھ کر بولا جنہوں نے اننگز کے پہلے اوور کی پہلی گیند پر جیسن روئے کو آﺅٹ کیا تو دوسری ہی گیند پر جیمز وینس کو بھی کلین بولڈ کر دیا تاہم وہ ہیٹرک کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ 
ابتدائی اوور میں ہی یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں گرنے کے بعد کوئٹہ کی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور یوں مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز ہی بن سکے۔ آل راﺅنڈر افتخار احمد 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سرفراز احمد 12، عمر اکمل 25، حسن خان 17، سہیل تنویر 7 اور نور احمد 13 رنز بنا سکے۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزا سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی ر اہ دکھائی اور شاہین شاہ آفریدی نے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں جبکہ حارث رﺅف اور راشد خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ 
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی اوپننگ جوڑی فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے حسب روایت جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم 41 کے مجموعی سکور پر عبداللہ شفیق غلام مدثر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد فخر زمان اور کامران غلام نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 77 رنز جوڑے اور لاہور قلندرز کی فتح کو یقینی بنا دیا۔ 
فخر زمان کی ٹورنامنٹ میں زبردست کارکردگی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا جنہوں نے 42 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 53 رنز بنائے جبکہ کامران غلام نے دوسرے اینڈ پر ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 39 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی ناٹ آﺅٹ اننگز کھیلی۔ فخر زمان کی پی ایس ایل کے رواں سیزن میں یہ پانچویں نصف سنچری ہے جبکہ وہ ایک سنچری بھی بنا چکے ہیں۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کوئی باﺅلر بھی رنز کا سیلاب روکنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ نور احمد نے 4 اوورز میں 24 رنز کے عوض 1 وکٹ حاصل کی اور غلام مدثر نے 3 اوورز میں 25 رنز کے عوض 1 کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ، فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، راشد خان، ہیری بروک، ڈیوڈ ویزا، حارث رﺅف اور زمان خان شامل تھے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، احسان علی، جیمز وینس، افتخار احمد، عمر اکمل، حسن خان، نور احمد، جیمز فالکنر، نسیم شاہ، سہیل تنویر اور غلام مدثر شامل تھے۔ 

مزیدخبریں