’آرام کرو لالہ، اس عمر میں یہ عشق نہیں آسان‘ 

’آرام کرو لالہ، اس عمر میں یہ عشق نہیں آسان‘ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے شاہد خان آفریدی کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 سے دستبردار ہونے پر دلچسپ مشورہ دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 7 کا رنگا رنگ میلہ لاہور میں جاری ہے جہاں گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں شاہد خان آفریدی نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر اس میچ کے دوران وہ ایک بار پھر کمر کی انجری کا شکار ہوئے۔ 
شاہد آفریدی نے آج پی ایس ایل سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوشش تھی کہ اچھے نوٹ پر لیگ ختم کرتا لیکن پرانی انجری کے باعث بہت مشکل ہو گئی ہے۔ 


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے شاہد آفریدی کی پی ایس ایل سے دستبرداری پر ان کیلئے ٹوئٹر پر دلچسپ پیغام جاری کیا جس پر صارفین بھی خاصے محظوظ ہو رہے ہیں۔ شعیب اختر نے آفریدی کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’آرام کرو لالہ، اس عمر میں یہ عشق نہیں آسان۔‘ 


یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ شاہد خان آفریدی نے پی ایس ایل کے ساتواں سیزن شروع ہونے سے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ یہ ان کا آخری ٹورنامنٹ ہے اور وہ اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔ 
بوم بوم آفریدی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شمولیت کی خواہش تو پوری ہو گئی مگر گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی وہ لیگ کے تمام میچز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور یوں وہ مداحوں کو ایک بار پھر افسردہ کر گئے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں