لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے افغان کرکٹر رحمن اللہ گرباز نے کہا ہے کہ انہوں نے پی ایس ایل میں شرکت کیلئے بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) میں کھیلنے کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کیخلاف ون ڈے ڈیبیو پر سنچری سکور کرنے والے 20 سالہ رحمن اللہ گرباز اب تک بی پی ایل، ایل پی ایل اور ٹی 10 لیگ کھیل چکے ہیں اور ان تمام لیگز میں اچھی کارکردگی کے باعث کم وقت میں ان کا شمار اچھے کھلاڑیوں میں ہونے لگا ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں رحمن اللہ گرباز نے انکشاف کیا کہ مجھے بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) کھیلنے کی پیشکش تھی مگر میں پی ایس ایل کھیلنا چاہتا تھا اس لئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ساتھ معاہدہ کیا۔
انہوں نے پی ایس ایل میں باؤلنگ کے معیار کو دیگر T20 لیگز کے مقابلے میں بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی لیگ میں باؤلرز کے خلاف رنز بنانا چیلنج ہوتا ہے اور یہاں باؤلنگ کا معیار دنیا کی دیگر لیگز کے مقابلے میں بہت ہی اعلیٰ ہے، اور مجھے بہترین تجربہ حاصل ہو رہا ہے۔