منڈی بہاؤالدین : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عوام کی طرح وزیراعظم عمران خان بھی احتساب کے عمل سے مطمئن نہیں ہیں۔ شہباز شریف اور چودھری برادران کے درمیان ملاقات سے کچھ نہیں نکلے گا۔
منڈی بہاؤالدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مدرسے کے بچوں پر سیاست کرنا چاہتی ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے دونوں بڑی پارٹیوں کو چھوٹا کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 15 بندے نہیں نکال سکتی۔ نواز شریف کی پارٹی بھی 4 ڈویژن تک محدود ہوگئی ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز خود سزا یافتہ ہیں۔ ان کے بچے لندن میں عیش کر رہے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بجلی مہنگی کرنے میں حکومت کا کوئی قصور نہیں یہ سب کچھ نواز دور میں بجلی کے مہنگے معاہدے ہونے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
فواد چودھری نے شہباز شریف پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے نکلے ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس کو لائیو دکھایا جائے۔ اپوزیشن نے ملک میں تماشا لگایا ہوا ہے۔