جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا کہ کورونا وبا کا فوری خاتمہ ناممکن ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی افریقہ میں کورونا ویکسین کی سہولیات اور تیاریوں کے جائزے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کی چیف سائنس دان سومیا سوامی ناتھن نے کہا کہ کورونا کے خاتمے کا کہنا غلط ہو گا کیونکہ یہ ابھی ناممکن نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وائرس کی مزید قسمیں سامنے آئیں گی۔ سائنسی اور طبی ماہرین نے کورونا کے تغیرات اور اس کی دیگر قسموں کا جائزہ لیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ کورونا کی مزید قسمیں سامنے آئیں گی اور دنیا کو کورونا کی نئی قسموں کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت کورونا کی تغیر شدہ قسم اومی کرون تیزی سے پھیل رہی ہے جو اب تک تو ہلاکت خیز ثابت نہیں ہوئی مگر اس کے پھیلنے کی شرح گزشتہ اقسام کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔