حکمران جماعت نے سینیٹ الیکشن کیلئے امیدواروں کا اعلان کر دیا

05:10 PM, 13 Feb, 2021

اسلام آباد: حکمران جماعت نے سینیٹ الیکشن کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو فائنل کیا گیا اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد حتمی ناموں کا اعلان ہوا۔ 

تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے لیے پنجاب سے سیف اللہ نیازی، اعجاز چوہدری، عون عباس، علی ظفر اور ڈاکٹر زرقا کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

سندھ سے فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو امیدوار ہوں گے جب کہ خیبرپختونخوا سے شبلی فراز، محسن عزیز، ذیشان خانزادہ، فیصل سلیم، نجیب اللہ خٹک، دوست محمد اور ڈاکٹر ہمایوں مہمند امیدواروں میں شامل ہیں۔

ثانیہ نشتر، فلک ناز چترالی اور گوردیپ سنگھ بھی خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔ اسلام آباد سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کو امیدوار نامزد کیا ہے۔

اس کے علاوہ بلوچستان سے عبدالقادر تحریک انصاف کے سینیٹ کے امیدوار ہوں گے۔ تحریک انصاف کی جانب سے بابر اعوان، شہزاد اکبر، عامر مغل اور سجاد طوری سینیٹ کا ٹکٹ حاصل نہ کر سکے۔ 

خیال رہے کہ ملک میں سینیٹ انتخابات کا انعقاد تیں مارچ کو کیا جائے گا جس کے لیے کاغذات نامزدگی 15 فروری تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں