امریکہ: ترکی کے مشہور ڈرامہ سیریز ارتغرل غازی نے جہاں پاکستانیوں کے دل جیت لیے وہیں امریکہ سے بھی ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔جہاں 60 سالہ امریکی خاتون نے ترکی کے مشہور ڈرامہ ارتغرل غازی کے کردار محی الدین ابن عربی سے متاثر ہو کر امریکی خاتون نے اسلام قبول کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست وسکونسن سے تعلق رکھنے والی خاتون نے دائر ہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد اپنا نام خدیجہ رکھ لیا ہے۔ امریکی خاتون کے مطابق انہوں نے محی الدین ابن عربی کے ڈرامے میں پیغامات سے متاثر ہوکر اسلام قبول کیا۔خاتون کا کہنا ہے کہ نیٹ فلکس پر تلاش کے دوران ان کی نظرڈرامہ ارتغرل غازی پر پڑی جس کے بعد انہوں نے یہ سیریز دیکھنا شروع کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سیریز کی چند اقساط دیکھنے کے بعد ان کی اسلام میں دلچسپی کافی حد تک بڑھ گئی۔امریکی خاتون کے مطابق وہ یہ ڈرامہ سیریز اب تک 4 بار دیکھ چکی ہیں اور اب پانچویں بار دیکھنا شروع کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاریخ میں خاصی دلچسپی رکھتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس سیریز نے ان کی توجہ اپنی طرف مرکوز کی اور اس ترک سیریز سے متاثر ہونے کے بعد اسلام قبول کر لیا۔
امریکی خاتون خدیجہ کے چھ بچے ہیں، انہوں نے بتایا کہ جب وہ مذہب اسلام کی طرف آئیں تو ان کے چھوٹے بیٹے کو اس بارے سب سے پہلے علم ہوا لیکن اس نے کسی قسم کا سوال نہیں کی، تاہم دیگر کسی بچے کو اس بارے میں معلوم نہ ہو سکا ۔
امریکی خاتون کے مطابق جب انہوں نے اسلام قبول کیا تو ان کے دوستوں نے سمجھنا شروع کر دیا کہ مذہب کی تبدیلی میں میرے ذہن پر کوئی زبردستی اثر انداز ہوا ہے تاہم ایسا بالکل نہیں تھا، انہوں نے مزید کہا کہ اب اس بارے میں کسی سے بھی بات نہیں کرتی کیونکہ کسی دوسرے کے عقائد میں مداخلت کرنا غیر مناسب ہے۔