نیویارک: ریسرچ کے مطابق دنیا بھر میں بٹ کوائن میں تجارت کرنے والے جنوبی امریکا کے ملک آرجنٹینا سے بھی زیادہ بجلی استعمال کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ ڈیجیٹل کرنسی بِٹ کوائن کی خرید و فروخت کی تصدیق اور حساب کتاب میں کمپیوٹر کا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے ، جس کے لیے بجلی بھی صَرف ہوتی ہے۔ کیمبرج یونیورسٹی کی ریسرچ کے مطابق دنیا بھر میں بِٹ کوائن میں تجارت کرنے والے اپنے کمپیوٹرز کے لیے 121 اشاریہ 36 ٹیرا واٹ کے حساب سے سالانہ بجلی استعمال کرتے ہیں۔ یہ بجلی آرجنٹینا جیسے ملک کی سالانہ 121 ٹیراواٹ کی کھپت سے بھی زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ بٹ کوائن کی قدر میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ایک بٹ کوائن کی مالیت 30 ہزار امریکی ڈالرز سے زیادہ ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ دنیا کے اکثر ممالک میں بٹ کوئن کو روایتی کرنسی کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اور وہاں کی حکومتیں اس کے استعمال کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں لیکن پاکستان میں اس حوالے سے تاحال کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آسکی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سندھ ہائی کورٹ میں بتایا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے کرپٹو کرنسی کے لین دین کی کبھی مخالفت نہیں کی گئی۔