عمران خان نے وزیراعظم ’شکایات سیل‘ کو زبردست کامیابی قرار دیدیا

12:49 PM, 13 Feb, 2019

اسلام آباد: مسائل کے حل کیلئے عوام سے براہِ راست رابطے کے بندوبست کی غرض سے وزیراعظم آفس میں قائم ’شکایات سیل‘ نے عالمی سطح پر زبردست کامیابی حاصل کر لی۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شکایت سیل کو اپنی زبردست کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے لکھا کہ مسائل کے حل کیلئے عوام سے براہِ راست رابطے کے بندوبست نے وزیراعظم آفس میں قائم میرے "شکایات سیل" کی زبردست کامیابی کی راہ ہموار کی ہے۔

وزیراعظم نے اس کے ساتھ دبئی میں سالانہ عالمی حکومتی سمٹ اجلاس میں منعقد موبائل ایپ مقابلے کے نتائج بھی شیئر کیے جسے ذیل میں بیان کیا گیا ہے۔

دبئی میں منعقد سالانہ عالمی حکومتی سمٹ اجلاس میں ہونے والے موبائل ایپ مقابلے میں 87 ممالک نے 4646 موبائل ایپلیکیشن مخلتف کیٹیگریز کی پیش کیں۔ جس میں پاکستان سیٹیزن پورٹل دنیا کی بہترین سرکاری موبائل ایپ کی فہرست میں دوسرے نمبر پر قرار پایا جب کہ پہلے نمبر پر انڈونیشیا اور تیسرے نمبر پر امریکا کی ایپ تھیں۔

ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی حکومت نے پاکستان کو موبائل ایپلیکیشن میں اعلیٰ سطح پر پہنچایا ہے۔

پاکستان سٹیزن پورٹل نے عوام سے 5 میں سے 4 اعشاریہ 5 کی ریٹنگ حاصل کی ہے اور یوں گوگل سرچ میں کیٹیگری میں پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔ اس ایپ کو خیبرپختونخوا کی ٹیم نے مفت ڈیزائن اور تیار کرایا تھا۔

اسے 45 دن کے ریکارڈ دورانیے میں بنایا گیا تھا جسے 28 اکتوبر کو متعارف کرایا تھا۔

اس ایپ کے تحت 4 لاکھ 20 ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 2 لاکھ 50 ہزار شکایات حل کی گئیں جس کا عوام کی جانب سے 55 فیصد مطمئن ردعمل موصول ہوا۔

مزیدخبریں