لاہور:علی ترین کی لودھراں الیکشن سے پہلے بڑی لیڈ کے ساتھ فتح حاصل کرنے کے دعوے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ل ہوگئی ہے اور لوگوں نے پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان سمیت پوری تحریک انصاف کو شرمندہ کرکے رکھ دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر لودھراں الیکشن کے بعد علی ترین کی ویڈیو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس میں وہ اپنے والد جہانگیر ترین کی موجودگی میں ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کرتے نظر آتے ہیں کہ اس بار الیکشن میں ہار جیت نہیں دیکھی جائے گی بلکہ یہ چیز دیکھی جائے گی کہ ہم لیڈ کتنی حاصل کرتے ہیں۔
تقریر میں جیت کیلئے پرعزم نظر آنے والے علی ترین اپنے کارکنا ن کو اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ گزشتہ الیکشن میں اس نشست سے 40ہزار کی لیڈ سے ہم جیت گئے تھے جس کی ہمیں بہت خوشی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ اس بار ہماری کوشش ہو گی کہ پہلے سے زیادہ لیڈ کے ساتھ ہم یہ الیکشن جیتیں جبکہ تحریک انصاف اور جہانگیر ترین نے ہمیں بہت مشکل میں ڈال دیا ہے کیونکہ پچھلے الیکشن میں ہماری لیڈ 40ہزار کی تھی۔
اس لئے اس بار ہمارا ہدف ہے کہ ہم یہ الیکشن 50ہزار ووٹ کی لیڈ سے جیتیں۔ تاہم علی ترین کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور گزشتہ روز ہونیوالے قومی اسمبلی کے الیکشن این اے154 سے پی ٹی آئی کے امیدوار علی ترین کے ن لیگ کے سید محمد اقبال شاہ کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اقبال شاہ نے 116590 ووٹ حاصل کئے جبکہ علی ترین نے 91230 ووٹ حاصل کئے۔