ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سرکاری اداروں پر ٹھیکیداروں اور نجی اداروں کے تمام بقایا جات کی تفصیلات تیار کرکے جلد از جلد ادائیگی کا حکم نامہ جاری کردیا۔
شاہ سلمان نے وزیر تجارت و سرمایہ کاری کے زیر صدارت اعلیٰ کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہ اور اسے نجی اداروں کے بقایا جات کا مسئلہ جلد از جلد نمٹانے کی مہم تفویض کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع و سربراہ اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل شہزادہ محمد بن سلمان نے بقایا جات کے مسائل حل کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے معاملات کی تفصیلات اور انکی گتھیاں سلجھانے کیلئے خصوصی کمیٹی کے قیام کی سفارش بھی کی تھی۔
واضح رہے سعودی بن لادن سمیت متعدد کمپنیوں کو مشکلات پیش آنے کے بعد سعودی حکومت نے آسان قرضوں کی فراہمی کی تھی تاکہ وہ کمپنیاں جو اپنے ملکی اور غیر ملکی ملاز مین کو بقایا جات نہیں دےسکیں وہ انہیں اد ا کر دیں ۔
یہاں یہ بتانا بھی قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے ملازمین میں پاکستان ، انڈیا اور بنگلہ دیش کے شہریوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔ اور بقایا جات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ان تمام ممالک کے ہزاروں ملازمین کو مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔
نجی اداروں کو واجبات کی ادائیگی کے بعد نجی کمپنیوں کے ملکی اور غیر ملکی ملازمین کو تنخؤاہیں اور بقایاجات ملنے کا قوی امکان پیدا ہو گیاہے ۔