لاہور: برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فی الحال یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ ان دو کرکٹرز کی معطلی کے واقعے کے آنے والے دنوں میں کیا اثرات مرتب ہوں گے لیکن جو کچھ بھی ہوا ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ اور مایوس کن تھا۔ مصباح الحق نے کہا کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ اس واقعے کے اثرات سے نکلتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کی جائے۔
مصباح الحق نے کہا کہ 2010 میں سپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد اسی بات کی کوشش کی جاتی رہی کہ پاکستان کی کرکٹ دوبارہ اس طرح کی صورتحال سے دوچار نہ ہو لیکن اب یہ واقعہ رونما ہو گیا لہٰذا اب ہمیں ایک بار پھر محتاط ہونا پڑے گا اور کرکٹ پر بہت زیادہ توجہ دینی ہو گی۔
مصباح الحق نے کہا پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کو اپنے اقدامات میں مزید سختی لانی ہو گی اور ساتھ ساتھ کرکٹرز کو کرپشن کے بارے میں مزید تعلیم اور معلومات فراہم کر کے اس کے خطرات سے آگاہ کرنا ہو گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں