شنگھائی :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کے دورے کے دوران شنگھائی میں کینسر اور جینیاتی بیماریوں کے علاج میں مہارت رکھنے والی کمپنی بی جی آئی جینومکس کا دورہ کیا۔ شنگھائی کے یانٹین ڈسٹرکٹ میں واقع اس کمپنی کے ہیڈ کوارٹر میں وزیراعلیٰ نے بی جی آئی جینومکس کے صدر مسٹر وانگ جیان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر پنجاب حکومت اور بی جی آئی جینومکس کے درمیان کینسر کے علاج اور دیگر جینیاتی تحقیق میں تعاون کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت بی جی آئی جینومکس پنجاب حکومت اور محکمہ صحت کو کینسر کے علاج، تحقیق، اور جینیاتی بیماریوں کی بروقت تشخیص کے لیے جدید سہولیات فراہم کرے گا۔
وزیراعلیٰ کو کمپنی کے ڈی این اے سنتھیسز لیب، سیکوئنسنگ لیب، اور ایس ٹی او مکس لیب کے کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بی جی آئی جینومکس کے ماہرین نے بتایا کہ ان کی کمپنی 100 سے زائد ممالک میں جینیاتی تحقیق اور سروسز فراہم کر رہی ہے۔ جینیاتی سیکوئنسنگ کے ذریعے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بی جی آئی جینومکس کو پنجاب میں ایک ریسرچ سینٹر قائم کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ یہ اقدام میڈیکل ریسرچ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ایگریکلچر یونیورسٹیز میں بھی بی جی آئی گروپ کے تعاون سے تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کی تجویز پیش کی۔
یہ دورہ پنجاب میں صحت اور تحقیق کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔