پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست، جنوبی افریقہ نے سیریز میں فیصلہ کن 0-2 کی برتری حاصل کی

پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست، جنوبی افریقہ نے سیریز میں فیصلہ کن 0-2 کی برتری حاصل کی

سنچورین: جنوبی افریقہ نے تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، اور سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 207 رنز کا ہدف دیا، جسے جنوبی افریقی ٹیم نے 19.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

سنچورین میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ اوپنر صائم ایوب نے 57 گیندوں پر 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ محمد رضوان 11، بابر اعظم 31، عثمان خان 3، طیب طاہر 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ عرفان خان نے 16 گیندوں پر 30 رنز بنائے، عباس آفریدی 4 گیندوں پر 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے گیلیم اور بارٹ مین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز ریزا ہینڈرکس اور میتھیو بریٹزک نے کیا۔ ریزا ہینڈرکس نے 63 گیندوں پر 7 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس کی بدولت جنوبی افریقہ نے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ روسی ون ڈر ڈوسن نے 38 گیندوں پر 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے جہانداد خان نے 4 اوورز میں 40 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عباس آفریدی نے 3.3 اوورز میں 46 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین آفریدی 4 اوورز میں 37 رنز دے کر کوئی وکٹ نہ لے سکے، اور حارث رؤف نے بھی 4 اوورز میں 57 رنز دے کر ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کی۔

 پاکستانی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، جہاں سفیان مقیم کی جگہ جہانداد خان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد رضوان کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ٹیم میں صائم ایوب، بابراعظم، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، جہانداد خان اور ابرار احمد شامل ہیں۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔