پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق، آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کا نیا روڈ میپ

08:06 PM, 13 Dec, 2024

لاہور:بھارتی میڈیا کے مطابق، پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ایونٹس کے حوالے سے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہو گیا ہے۔ بھارتی حکام نے اصولی طور پر یہ تسلیم کیا ہے کہ پاکستان ٹیم بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں شرکت نہیں کرے گی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلے گی، اور اگر بھارتی ٹیم سیمی فائنل یا فائنل تک نہیں پہنچتی تو ناک آؤٹ مرحلہ پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا کولمبو میں ہو گا۔ مزید برآں، پاکستان کرکٹ بورڈ 2027 کے بعد آئی سی سی ویمنز ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔

ذرائع کے مطابق، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول اور دیگر معاملات پر کل تک اعلان متوقع ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ اعلان آئی سی سی کی جانب سے کیا جائے گا۔
 

مزیدخبریں