لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، مراد سعید اور دیگر کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مسلم لیگ ن کے دفتر کو جلانے سے متعلق پولیس کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں حماد اظہر، مراد سعید، میاں اسلم اقبال، واثق قیوم، زبیر خان اور دیگر کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
پولیس نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہیں۔ یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں دو مقدمات جبکہ ایک مقدمہ تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے درج کر رکھا ہے۔
عدالتی کارروائی کے بعد، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے مزید اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا ہے، اور ان کی تلاش کے لیے پورے شہر میں کارروائیاں جاری ہیں۔