لاہور: لوڈر رکشوں کا ماڈل روڈز پر داخلہ بند، کریک ڈاؤن کی شدت میں اضافہ

02:41 PM, 13 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے سی ٹی او لاہور نے لوڈر رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔ شہر کے ماڈل روڈز جیسے مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، اور کینٹ پر لوڈر رکشوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا کہ آہنی راڈ، سریا، ٹی آئرن، بانس اور دیگر سامان باڈی سے باہر لوڈ کرنے والے لوڈر رکشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جن میں چالان کے ساتھ ساتھ پرچہ درج کرنے کی کارروائی بھی شامل ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ "سریا اور آہنی سامان سے لوڈڈ رکشے شہریوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔" اس سال 43 ہزار سے زائد لوڈر رکشوں کے چالان کیے گئے ہیں اور 94 مقدمات درج  ہوئے ہیں۔

عمارہ اطہر نے اوورلوڈنگ کرنے والے ڈرائیورز کے لائسنس منسوخ کرنے اور رکشہ مالک کو ایف آئی آر میں نامزد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مزید برآں، شہر کی اہم سڑکوں پر خصوصی ناکہ جات قائم کر دیے گئے ہیں، اور لوڈر رکشوں کے لیے ہیڈ و بیک لائٹس اور ریفلیکٹرز کی تنصیب کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں