پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے سابق وفاقی وزیر اور سابق سینیٹر محمد علی درانی نے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ملک میں سیاسی مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف بھی موجود تھے۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی حالات اور مفاہمتی عمل کو مزید تیز کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کے سیاسی میدان میں مفاہمت کے عمل کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
اس ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ نے جماعت اسلامی کے سینئر رہنما لیاقت بلوچ اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مرکزی رہنما صفدر عباسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ملک کی سیاسی صورت حال پر بات کی۔
اس رابطے میں یہ طے پایا کہ مفاہمت کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا اور اس میں حکومت کی کوششوں کو بڑھایا جائے گا۔