اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کوٹ مومن میں بین الصوبائی گروہ کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار خواتین سمیت 9 رکنی گروہ سے کروڑوں روپے مالیت کی ایک ہزار 23 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق کوٹ مومن کے قریب دوران تلاشی 3 گاڑیوں سے مجموعی طور پر 703 کلو گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ دوران تفتیش ملزمان نے کوٹ مومن میں واقع گھر میں مزید منشیات کے موجود ہونے کا انکشاف کیاجس پر اے این ایف ٹیم فوری کاروائی کرتے ہوئے مزکورہ گھر پر چھاپہ مار مزید 398 کلوگرام افیون برآمد کرکے 4 خواتین کو بھی گرفتار کرلیا۔
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بین الصوبائی منشیات اسمگلر گروہ خواتین کے ذریعے پنجاب کے شہروں میں منشیات سمگل کرتا تھا اور کوٹ مومن ایک گھر کرائے پر لے کر ایک خاندان کی حثیت سے یہاں رہائش پزیر تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان خیبر پختونخواہ سے منشیات اسمگل کر کے مذکورہ مکان میں سٹور کرتے تھے۔
اے این یف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔