واٹس ایپ کا ایک اور بہترین فیچر فیس بک میسنجر کا حصہ بن گیا 

02:42 PM, 13 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

کیلیفورنیا:   امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پلیٹ فارمز کی ملکیت  سوشل نیٹ ورکنگ سروس فیس بک نے بھی میسنجر میں ایڈٹ میسج کا فیچر متعارف کر ا دیا۔ 

میٹا کی زیر ملکیت واٹس ایپ کے بعد فیس بک میسنجر میں بھی میسج ایڈٹ فیچر کا اضافہ کر دیا گیا، پہلے میسنجر میں غلط ٹائپ کیے گئے میسج کو ان سینڈ (unsend) یا ڈیلیٹ کرنا پڑتا تھا۔مگر اب آپ کو کسی غلطی پر میسج ڈیلیٹ کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ اسے ایڈٹ کر سکتے ہیں۔


قابل ذکر بات یہ ہے کہ میسج ایڈٹ فیچر موبائل ورژن کے ساتھ ساتھ فیس بک کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں بھی صارفین کو دستیاب ہے۔اس فیچر کے ذریعے صارفین بھیجے گئے میسج کو واٹس ایپ کی ہی طرح 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کر سکتے ہیں۔ ایسے میسج کے اوپر ایڈٹ کا لیبل نظر آئے گا جس سے واضح ہوگا کہ میسج کو ایڈٹ کیا گیا ہے۔


اس فیچر کو استعمال کرنے کیلئے فیس بک میسنجر پر میسج بھیجنے کے بعد موبائل ایپ پر اس میسج پر کلک کریں۔ اس کے  بعد وہاں ایڈٹ کا آپشن نظر آئے گا جس کو استعمال کرکے میسج ایڈٹ کیا جا سکتا ہے۔

ڈیسک ٹاپ ورژن میں میسج کے بائیں جانب تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کریں اور وہاں ایڈٹ بٹن کا انتخاب کریں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل میٹا کی جانب سے گزشتہ دنوں میسنجر میں بائی ڈیفالٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا۔اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سے میسجز اور کالز کو بس بھیجنے اور موصول کرنے والا ہی دیکھ سکے گا اور میٹا کو بھی اس ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔

مزیدخبریں