راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کےخلاف سائفر کیس میں آج فرد جرم عائد کر دی گئی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین اڈیالہ جیل میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر گمشدگی کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل عثمان گل اور شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک اور ایف آئی کے اسپیشل پراسیکیوٹرز شاہ خاور اور ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے 2 صفحات پر مشتمل فرد جرم تین مختلف الزامات کے تحت سنائی ۔چارج شیٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم اور شاہ محمود قریشی بطور وزیر خارجہ سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔ ملزمان نے27 مارچ 2022 کو سیکرٹ ڈاکومنٹ کو عوامی ریلی میں لہرایا، ملزمان نے جان بوجھ کر ذاتی مفادات کیلئے سائفر کو استعمال کیااور ملزمان کے غیر قانونی اقدام سے ملکی تشخص،سیکورٹی اور خارجہ معملات کو نقصان پہنچا ۔
عدالت کاکہنا تھاکہ بطور وزیر اعظم سائفر آپکے قبضہ اور کنٹرول میں تھا جو وزارت خارجہ کو واپس نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ بانی چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری حکومت کو گرا کر ہمیں ہی ملزم بنادیا گیا۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت نے کل تک سماعت ملتوی کر دی، کل سے کیس کا ٹرائل شروع کیا جائے گا اور گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ فردِ جرم عائد ہونے کے بعد سائفر کیس کا باقاعدہ ٹرائل اڈیالہ جیل میں شروع ہوجائے گا۔