لاہور: سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں بریت پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصا کا کہنا تھا کہ لندن پلان کے تحت نواز شریف نے اپنی عزت گروی رکھ کر بریت حاصل کی، مجرم کی بریت احتساب کے چہرے پر سیاہ دھبّہ ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا مسلم لیگ ن کے قائد کی بریت کے حوالے سے کہنا تھا کہ نواز شریف کی عدالت سے بریت انصاف کے تابوت میں آخری کیل ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ چور ٹبر کی لوٹ مار کل کی طرح آج بھی ایک حقیقت ہے، مدعی چوروں کے سرپرستوں کے قابو میں آکر مقدمے سے بھاگ گیا۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ مہنگی جائیدادیں موجود ہیں مگر چور رسیدیں پیش کرنے میں ناکام ہیں، اس بریت کا جواب عوام 8 فروری کو ووٹ کی پرچی سے دیں گے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے نواز شریف کو بری کر دیا۔
یاد رہے کہ 6 جولائی 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 11 سال قید کی سز اسنائی تھی۔24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
رواں سال 26 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے (ن) لیگی قائد نواز شریف کی درخواست پر ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کی تھیں۔گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی 11 سال قید کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں بری کیا۔