اسلام آباد: ریکوڈک کے معاملے پر حکومت کی دو اہم اتحادی جماعتوں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے وفاق کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریکوڈک منصوبے پر دو اہم حکومتی جماعتیں ناراض ہو گئیں اور وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دونوں جماعتوں نے احتجاج بھی کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی وزراءکا کہنا تھا کہ ریکوڈک کے معاملہ پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا اسی لئے ہم نے اس بل کی مخالفت کی ہے۔ دونوں اتحادی جماعتوں کے احتجاج پر حکومت نے یقین دہانی کروائی کہ دونوں جماعتوں کے تحفظات درست ہیں جلد ترامیم شامل کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ہی چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے 13 صفحات پر مشتمل بینچ کی اکثریتی رائے سناتے ہوئے کہا تھا کہ نیا ریکوڈک معاہدہ قانونی ہے، اس میں کوئی غیر قانونی بات نہیں۔