اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان

07:35 PM, 13 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے 26 دسمبر سے31 دسمبر تک بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سٹاف کو سٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سٹاف دستیاب رہے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے بھی صوبے کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ تعلیمی ادارے 22 تا 31 دسمبر تک بند رہیں گے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی سٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم سندھ کے زیر نگرانی صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوں گی۔

مزیدخبریں