اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے کہا ہے عمران خان نے سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ویڈیوز بنا کر ہمارے خلاف کیس بنانے پر مجبور کیا ۔ اب سب کچھ کھل کر سامنے آگیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت منظور ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلیمان شہباز نے کہا کہ جھوٹی بریفنگ دلوا کر سٹوری کو ڈیلی میل میں چھپوایا گیا ۔ ڈیوڈ روز کو شہزاد اکبر یہاں لے کر آئے ۔ اب ڈیلی میل نے جھوٹی خبر چھاپنے پر معافی مانگ لی ہے۔
سلیمان شہباز نے کہا کہ شہزاد اکبر اب برطانیہ میں جا کر چھپ گیا ہے۔ کہاں گئی وہ منی لانڈرنگ اور 500 ارب؟ این سی اے میں شہزاد اکبر نے درخواست دی ۔ کیس 18 ماہ چلا ہم نے بھرپور دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک ڈرامے باز ،فراڈ اور جھوٹا شخص ہے۔اس نے سائفر پر ڈرامہ کیا پھر امریکیوں کے پیر پکڑلئے۔جس ادارے سے ہمیں ریلیف ملتا ہے،عمران خان اس کے خلاف بولتے ہیں۔عمران خان نے جو کھیل تماشا میری فیملی اور میرے ساتھ کیااسے سب نے دیکھا۔
سلیمان شہباز کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں ہمارے اوپر 18 ماہ بے بنیاد مقدمہ چلتا رہا۔این سی اے نے شہبازشریف اور مجھ سمیت سب سے تحقیقات کی۔ این سی اے نے کہا شہبازشریف کیخلاف کچھ نہیں ملا، ایک پاؤنڈ کی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی۔عمران نیازی اور اس کی پارٹی کو این سی اے کے فیصلے کے بعد منہ پر تھپڑپڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حساب کا وقت آچکا ہے،انہیں قوم کو جواب دینا ہوگا۔عمران خان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے،ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔عمران خان جو چوریاں کرتے رہے،جتنی گھڑیاں بیچیں ان کا حساب دیں۔کیوں بھگا دیا فرح گوگی کو،لے آئیں اسے اور، عدالتوں کا سامنا کریں ، جیسے ہم کر رہے ہیں۔