اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی 14 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔ ایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ وہ 14 دن تک انہیں گرفتار نہ کرے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ سلیمان شہباز عدالتی حکم پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سلیمان شہباز کی 14 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور 14 دن تک لاہور کی متعلقہ عدالت میں خود کو پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
واضح رہے کہ سلیمان شہباز 4 سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد ہفتے کو لندن سے پاکستان پہنچے تھے۔منی لانڈرنگ اور دیگر مقدمات میں سلیمان شہباز ایف آئی اے کو مطلوب ہیں۔