لال لوبیا کو راجما اور انگریزی میں کڈنی بینز کہا جاتا ہے اس کے استعمال سے جہاں صحت کے بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں، اِن سے اضافی وزن بھی کم کیا جا سکتا ہے۔لال لوبیا غذائیت سے بھرپور مفید غذا ہے جس کا روزانہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔غذائی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ لال لوبیا گوشت جیسی غذائیت کا حامل ہے جس میں بنیادی غذائی اجزاء جیسے کہ پروٹین، فائبر، فولیٹ، میگنیشیم اور پوٹاشیم بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے۔
لال لوبیا کے استعمال سے بے شمار فوائد کے حصول سمیت وزن بھی کم کیا جا سکتا ہے۔لوبیا میں موجود ڈائیٹری فائبر نظام ہاضمہ کے راستوں میں جیل کا کام کرتا ہے جو کولیسٹرول کو جسم سے خارج کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، اس کے استعمال سے جسم سے اضافی اور منفی کولیسٹرول کا خاتمہ ممکن ہوتا ہے۔لال لوبیا کا استعمال وزن میں کمی کا ذریعہ بنتا ہے، اس کا روزانہ استعمال وزن میں تیزی سے کمی لاتا ہے۔لوبیا جسم کے لیے انتہائی ضروری جز پروٹین پر مشتمل اور مضر صحت کولیسٹرول سے پاک غذا ہے جو مجموعی صحت کی بہتری کے لیے بے حد ضروری ہے۔
اس کے علاوہ لال لوبیا میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے پائے جانے کی وجہ سے اینٹی ایجنگ صلاحیت کا بھی حامل ہے، لال لوبیا بلڈ شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے، آئرن کی کمی دور کرنے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔لال لوبیا کو کئی طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے، اسے اچھی طرح دھو کر رات بھر بھگودیں پھر اسے اْبال کر مختلف پکوان بنائیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وزن میں کمی کے لیے لال لوبیا کا استعمال روٹی اور چاول کے بغیر کریں۔وزن میں کمی کے خواہشمند افراد اسے روزانہ سلاد میں شامل کر کے بھی کھا سکتے ہیں۔
سوپ کے ذائقے اور غذائیت میں اضافے کے لیے اس میں لال لوبیا شامل کر سکتے ہیں، جب بھی کوئی سبزی، ترکاری بنائیں اس میں لال لوبیا شامل کر لیں۔چناچاٹ کی طرح اس کی بھی مزیدار چاٹ بناسکتے ہیں یا مکس چنا چاٹ میں بھی اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔