یورپ اور افریقی ممالک سمیت چند دیگر ممالک سے آنیوالوں کی انٹری بند کر دی، اسد عمر

10:30 PM, 13 Dec, 2021

کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے درخواست کی ہے کہ وہ کرکٹ میچز دیکھنے کے لیے اسٹوڈنٹس کی انٹری مفت کر دیں کیونکہ یہ وقت پیسہ کمانے کا نہیں ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ میں کراچی کے نوجوانوں کو کہتا ہوں کہ وہ میچ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم آئیں۔ اسٹیڈیم میں آ کر انٹرنیشنل کرکٹ دیکھ رہے ہیں لیکن افسوس اس بات پر ہے کہ اسٹیڈیم خالی ہے حالانکہ پہلے جگہ نہیں ہوتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میری آفیشل سے بات ہوئی ہے اور میں رمیز راجہ سے بھی درخواست کروں گا کہ اسٹوڈنٹس کے لیے فری انٹری کر دیں اور ابھی تک کورونا کے حالات اور شرح بہت کم ہے جبکہ روزآنہ ہم دیکھتے اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کورونا کی نئی قسم کے حوالے سے کہا کہ ہم نے یورپ اور افریقی ممالک سمیت چند دیگر ممالک سے آنے والوں کی انٹری بند کی ہے لیکن ابھی فلائٹس بند نہیں کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے حوالے سے پی سی بی کی مشاروت سے فیصلے کریں گے اور سی او سی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ پی ایس ایل میچز میں بھی 100 فیصد حاضری کے ساتھ میچ کرائیں۔

مزیدخبریں