مریم نواز وزارت عظمیٰ کی امیدوار نہیں، شاہد خاقان عباسی

09:15 PM, 13 Dec, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے واضح طور پر کہا ہے کہ مریم نواز وزارت عظمیٰ کی امیدوار نہیں، وہ الیکشن لڑنے کی اہل نہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ الیکشن جب بھی ہوں ہمارے وزیراعظم کے امیدوار شہباز  شریف ہوں گے۔ عموماً یہی ہوتا ہے کہ جو پارٹی کا صدر ہوتا ہے وہ وزیراعظم بنتا ہے جبکہ شہباز شریف پارٹی صدر ہیں اور  وہی ہمارے امیدوار ہوں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کے انتخابات میں ہمیشہ مداخلت ہوتی رہی ہے اور 2018 کا الیکشن بھی چوری کیا گیا جبکہ ہم اسٹیبلشمنٹ کےاُس رول کے خلاف ہیں جو آئین سے باہر ہو اور ہم اسٹیبلشمنٹ سے مدد نہیں مانگ رہے بلکہ ہم کہتے ہیں کہ عمران خان کو لانے والے ہاتھ اٹھا لیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس دن عمران خان کو لانے والوں نے ہاتھ اٹھا دیا اسی دن عدم اعتماد کی تحریک آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ آپشن دیکھنا اسٹیبلشمنٹ کا کام نہیں، آپشن دیکھنا غیرآئینی ہے اور اگر آپشن پر جانا ہے تو ہم حصہ نہیں بننا چاہتے جبکہ اگلے جب بھی الیکشن ہوئے ہمارے وزیراعظم کے امیدوار شہبازشریف ہوں گے جبکہ شفاف الیکشن کے بغیر اس ملک کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

مزیدخبریں