لاہور: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز جیسن روئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بننے پر بے حد پرجوش ہیں۔
پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کے انتخاب کا مرحلہ گزشتہ روز لاہور میں مکمل ہوا اور ہر فرنچائز نے پاکستان کے سب سے بڑے ایونٹ کیلئے 18 رکنی سکواڈ مکمل کئے۔ پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 31 سالہ اوپنر جیسن روئے کو منتخب کیا ہے جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔
جیسن روئے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’جلد ملیں گے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز۔۔۔ پی ایس ایل 2022ءکا حصہ بننے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا رنگ پہننے پر بہت پرجوش ہوں۔‘
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جیسن روئے اس سے قبل 2018ءاور 2020ءمیں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ 2017ءمیں وہ لاہور قلندرز کے سکواڈ کا حصہ بنے تھے۔ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری سے کراچی میں ہو گا جس کیلئے شائقین کرکٹ بھی بے صبری سے منتظر ہیں۔