لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں ان ایکشن نظر آئیں گے جنہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے سکواڈ میں منتخب کیا ہے۔
عمر اکمل کو گزشتہ روز ہونے والی پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سلور کیٹیگری کے دوسرے راؤنڈ میں خریدا جس پر قومی کرکٹر نے اپنے پیغام میں ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
دوسری جانب شائقین کرکٹ نے بھی عمر اکمل کی واپسی پر خوشی سے بھرپور تبصرے پیش کئے اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا ہے۔ عمر اکمل نے پی ایس ایل کے ابتدائی تین سیزن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی بعدازاں چوتھے اور پانچویں سیزن میں عمر اکمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیلے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے آغاز سے صرف ایک روز قبل عمر کمل پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے باعث وہ ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے اور بعد ازاں انہیں جرمانے کی سزا کیساتھ ساتھ پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا جسے پورا کرنے کے بعد انہوں نے پی سی بی کے بحالی پروگرام میں حصہ لیا تھا۔