لاہور: پاکستان ڈیمو کریٹک کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زاردی نے کہا شہید بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد اسی لاہور شہر میں رکھی تھی اور مجھے آپ سے مخاطب ہوتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے جبکہ ضیاء کے تاریک دور میں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے شہادت قبول کی اور جیل کی صعوبتیں برداشت کیں، کوڑے کھائے لیکن ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا۔
انہوں نے کہا گالم گلوچ، جھوٹ کے سوا ان کے دامن میں کچھ نہیں اور اب ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں کیونکہ یہ ووٹ سے نہیں کسی اور کے اشارے سے اقتدار میں آئے ہیں اور یقین دلاتا ہوں آپ کی جیت جلد ہونے والی ہے کیونکہ آپ کا جوش و ہمت دیکھ کر ہمارے قدم اور تیز ہو جاتے ہیں اور منزل نظر آتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صوبوں کے حقوق کی بات کرتی ہے لیکن اس وقت ملک میں تاریخی مہنگائی اور غربت ہے جبکہ آٹا اور چینی چور حکومت میں غریب کا چولہا بند ہے کیونکہ جعلی حکمران عوام کا درد محسوس نہیں کرتے اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ موجودہ حکمران امپائر کی انگلی سے اقتدار میں آئے جبکہ جعلی حکومت کو پنجاب اور عوام کی بھی فکر نہیں۔
انہوں نے کہا ہم تمام سیاسی اختلافات ختم کر کے اب پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں جبکہ ہم کٹھ پتلی اور اس کے سہولت کاروں کو للکار رہے ہیں کیونکہ ہم عوام کو حق حکمرانی دلانا چاہتے ہیں اور یہ جنگ عوام کی جنگ ہے ۔