لاہوریوں نے راجکماری (مریم) کی حکمت عملی خاک میں ملا دی، فردوس عاشق اعوان

06:48 PM, 13 Dec, 2020

لاہور: معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعواننے کہا ہے کہ اپوزیشن نے عوام کو کورونا کے حوالے کر دیا اور خود خود تیتر، بٹیر کھا رہے ہیں لاہور کے عوام نے پی ڈی ایم کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دیا کیونکہ ملک میں پی ڈی ایم کی جانب سے نفرت کی سیاست کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کے باشعور عوام قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ساتھ ہی شو باز اور رنگ بازوں کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ کئی ہفتے سے یہ لوگ لاہور کا جلسہ، جلسہ کر رہے تھے لیکن لوگوں نے ان کے کہنے پر کان بھی نہیں دھرے۔

انہوں نے کہا لاہور آنے والے راستوں پر حکومت کی جانب سے کوئی رکاوٹیں نہیں کھڑی کی گئیں اور پولیس نے کسی قسم کی مداخلت نہیں کی اور کیمرے کی آنکھ نےآج کے جلسے کا منظر دکھایا۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا انہوں نے اقتدار کی باریاں لگا کر عوام کو نسل در نسل لوٹا تاہم وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور  لاہوریوں نے راجکماری کی حکمت عملی خاک میں ملا دی کیونکہ  ہرایم این اے کی بندے لانے کیلئے حاضریاں لگائی گئیں لیکن  ایک کھلاڑی نے 11 کھلاڑیوں کو چاروں شانے چت کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اب  اپوزیشن توبہ کرے اور اپنی حکمت عملی تبدیل کرے کیونکہ مریم نواز شاہی آداب کیخلاف گلی، گلی دعوت نامے بانٹتی رہیں تاہم  لاہور کےعوام نے ان کا ہی جلوس نکال دیا ہے اور ان کو کونے میں محدود کر کے اوقات یاد دلا دی۔

مزیدخبریں