پی ڈی ایم کو لاہور کی عوام نے مسترد کر دیا، شبلی فراز

06:14 PM, 13 Dec, 2020

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے پی ڈی ایم کے لاہور کے جلسے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ گیارہ جماعتیں بھی مل کر تحریک انصاف جتنا بڑا جلسہ لاہور میں نہیں کر سکیں اور حکومت نے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی تاہم وبا کے دوران اپوزیشن کے رہنماوں کی جانب سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شبلی فراز نے کہا اللہ تعالیٰ جلسے میں شریک لوگوں کو وبا سے محفوظ رکھے جبکہ پی ڈی ایم کی قیادت خود کو بند گلی میں دکھیل رہی ہے کیونکہ مریم نواز نے پہلے والد کی سیاست کو تباہ کیا تھا 

ان کا مزید کہنا تھا لاہور کی عوام نے پی ڈی ایم کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے اور یہ لوگ مل کر بھی اکٹھے نہیں کر سکے اس پر رونا ہی آتا ہے اور آج یہ بُری طرح ناکام ہوئے جبکہ آگے بھی ناکام ہوں گے۔ 

اس سے پہلے شبلی فراز نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت عوام کے روشن مستقبل کے لئے کوشاں ہے اور ترقی کا یہ سفر اسی رفتار کے ساتھ جاری رہے گا۔ چیلنجز کے باوجود پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت ہیں اور مالی سال کی پہلی ششماہی میں ترسیلات زر میں اب تک 27 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری میں 150 فیصد اور سیمنٹ کی پیداوار میں 17 اضافہ ہوا ہے جبکہ نومبر میں کار کی سیل میں بھی 68 فیصد اضافہ ہوا اور موٹر سائیکلز، ٹریکٹرز کی فروخت میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ 

شبلی فراز نے کہا عوام کی زندگی میں ہر ممکن سہولیات لانے کے حکومت پرعزم اور سرگرم ہے اور چینی کی قیمت میں کمی عمران خان کا غریب کو ریلیف دینے کے عزم کا واضح اظہار ہے۔ وبا کی وجہ سے عمران خان کی بہترین حکمت عملی کی بدولت پاکستان کی معیشت و روزگار رواں اور عوام کی زندگیاں محفوظ رہیں۔ 

مزیدخبریں