کراچی: پاکستان تحریک انصاف (ن) کے رہنما حلیم عادل شیخ نے پی ڈی ایم کے لاہور جلسے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے عالمی وبا پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اتحاد عالمی وبا پھیلاؤ موومنٹ بن چکی ہے۔ پیپلز پارٹی نے 4 صوبوں کی پارٹی کو 4 ڈویژن تک پہنچا دیا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج کراچی میں عالمی وبا کی شرح 21 فیصد ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر احتیاط کا کہتے ہیں لیکن لاہور جلسہ میں شرکت کیلئے کراچی سے لوگ لے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے اجازت نہیں دی لیکن یہ لوگ زبردستی جلسہ کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی اجازت نہ ہونے کے باوجود یہ غیر قانونی جلسہ کر رہے ہیں۔ آج سے اپوزیشن کی ناکامی سامنے آنا شروع ہو جائے گی۔ آپ کو ملتان کی طرح ڈرامے بازی کا موقع نہیں دیا گیا، ملتان جلسے کے بعد کورونا پھیلا۔ آج پی ڈی ایم کا سرکس ختم ہونے جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ڈی ایم میں سندھ نے مارچ کیا تو ہم بھی سندھ بچاؤ، پی ہی بھگاؤ اور کرپشن مٹاؤ مارچ کریں گے۔ اقبال پارک میں پی ڈی ایم پاپا بچاؤ تحریک ہے۔ ن لیگ کا لاہور کے علاوہ پنجاب نہیں ہے۔ نواز شریف بولتا ہے کہ پیشی پر نہیں جاؤں گا وبا لگ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی رہنما تاج حیدر الیکشن کمیشن کو خط لکھتے ہیں کہ سندھ، سانگھڑ اور کراچی میں دوبارہ الیکشن کروایا جائے۔ ایک سروے کے مطابق اگلے الیکشن میں بھی عمران خان کو لوگ ووٹ دیں گے۔