فردوس عاشق اعوان نے پی ڈی ایم کو ''فسادی اور مفاد پرستوں کا ٹولہ'' قرار دیدیا

02:21 PM, 13 Dec, 2020

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو فسادی اور مفاد پرستوں کو ٹولہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان تمام لوگوں کا مستقبل جیل ہے۔

سماجی رابطوں کی ویبس سائٹ ٹویٹر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے عالمی وبا کے شدید خطرات کے باوجود جلسوں کے انعقاد پر پی ڈی ایم قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام دشمنوں اور ان کے محافظوں کے درمیان فرق جان جائیں گے کیونکہ یہ لوگ منی لانڈرنگ سے بنائے گئے اثاثے اور مال بچانے کیلئے نکلے ہیں۔ صرف اپنی ذات کی فکر کرنے والے ان لوگوں نے اپنے کارکنوں کی زندگیا خطرے میں ڈال دی ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستانی عوام کو عالمی وبا کے دلدل میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم دوسری جانب حکومت کی جانب سے اپنی عوام کو اس وبائی مرض سے بچانے کیلئے دن رات کوششیں کی جا رہی ہیں۔

معاون خصوصی نے اپوزیشن رہنماؤں کے دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کیخلاف حکومت کی جانب سے کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جا رہی، اس حوالے سے بیانات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو ''جھوٹوں کی راجکماری'' قرار دیا اور لکھا کہ اپوزیشن اتحاد بے روزگاروں کا ٹولہ ہے، یہ لوگ عوام کے سامنے بے نقاب ہونگے اور ان کا سیاسی جنازہ نکلے گا جسے کوئی کندھا تک نہیں دے گا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کا آخری جلسہ لاہور کے مینار پاکستان پر سجایا جا رہا ہے۔ اس جلسے میں تحریک کے مستقبل کے بارے میں فیصلے اور اعلانات کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں