اسلام آباد: ملک میں عالمی خطرات کے باوجود اپوزیشن اتحاد کی جانب سے مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی ہٹ دھرمی کو حکومت کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مذمت کی گئی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ انھیں لوگوں نے جعلی نورا کشتی کی اور ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑنے کی باتیں کرتے رہے۔ ان کے کرپٹ چہروں کو عوام پہنچان چکے ہیں، یہی لوگ آج ہمارے لیڈر عمران خان کے خوف سے ایک دوسرے کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو صاف الطاظ میں تنبیہ کی کہ اگر انہوں نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی زبان کا استعمال کیا اور ان کا برا انجام ہوگا۔ یہ لوگ عوام کے سامنے جھوٹ بولیں یا روئیں لیکن پاک فوج اور قومی اداروں کیخلاف اپنی زبان استعمال نہ کریں۔
انہوں نے اپنی ایک دوسری ٹویٹ میں اپوزیشن کے جلسے کو ابو بچاؤ اور کرپشن بچاؤ مہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نعرے بھی جعلی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے مینار پاکستان پر جلسے کا انتظام جے یو آئی کی ذیلی جماعت کے کارکنوں کو دینے پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی ملک ریاض کو انصار السلام کے رضا کار سٹیج پر جانے سے روکتے ہوئے ذلیل کر رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج پھر پی ڈی ایم کا 11 جماعتوں پر مشتمل کرپٹ ٹولہ ناکام ہو رہا ہے۔ یہ لوگ والے مینار پاکستان پر این آر او ڈھونڈیں گے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مینار پاکستان پر اجازت نہ دینے کے باوجود جلسہ کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کیخلاف کارروائی ہو گی۔ این آر او کے سوالی آج "کورونا پھیلاؤ کرپشن بچاؤ" کے نعرے کے تحت معصوم عوام کو کورونا کا شکار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔