روم: آنجہانی فٹبالر پاؤلو روسی کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے ان کی اہلیہ اور دیگر اہلخانہ گھر سے باہر تھے، ان کی واپسی پر چوروں نے گھر کو الٹ پلٹ کرکے اہم چیزیں چرا کر رفوچکر ہو چکے تھے۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ دنوں انتقال کرنے والے اٹلی کے لیجنڈ فٹبالر آنجہانی فٹبالر پاؤلو روسی کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔ چوروں نے گھر میں گھس کر ان سے وابستہ اہم چیزیں چرا لی ہیں۔
اٹلی کے مقامی میڈیا کے مطابق پاؤلو روسی کی اہلیہ نے بتایا ہے کہ وہ جیسے ہی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد گھر پہنچیں تو چور گھر کا صفایا کرکے جا چکے تھے۔ چوروں نے لیجنڈ فٹبالر کے زیر استعمال رہنے والی مہنگی گھڑی اور گھر میں موجود رقم بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس نے پاؤلو روسی کے گھر میں ڈکیتی کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے نامعلوم چوروں کیخلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی چوروں تک پہنچ جائیں گے۔
خیال رہے کہ اٹلی کے لیجنڈ فٹبالر پاؤلو روسی اپنی اہلیہ اور دیگر اہلخانہ کے ہمراہ فلورنس شہر کے مضافات میں قائم ایک فارم ہاؤس میں رہائش پذیر تھے۔ جہاں انہوں نے ایک آرگینک فارمنگ کمپنی بھی کھولی ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ آنجہانی پاؤلو روسی کا شمار اٹلی کے لیجنڈ کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔ اٹالین عوام کے نزدیک ان کی بہت قدر ومنزلت ہے۔ انہوں نے 1982ء کے ورلڈ کپ میں اپنی شاندار کارکردگی کے بدولت فتح کا ٹائٹل اپنی ٹیم کے سر سجایا تھا۔ ان کا گزشتہ دنوں 64 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔
انہوں نے اٹلی کی قومی ٹیم کی جانب سے 48 میچوں میں حصہ لیا اور 20 گولز سکور کئے۔ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کھیلوں کے تجزیہ کار کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔