مکہ مکرمہ میں لاکھوں کی تعداد میں صحرائی ٹڈیوں کی آمد، حرم کلاک ٹاور بھی چھپ گیا

Millions of desert locusts arrive in Makkah, Haram Clock Tower also hid
کیپشن: صحرائی ٹڈیوں کی وجہ سے حرم کلاک ٹاور چھپا ہوا ہے: فائل فوٹو

مکہ مکرمہ: مکہ مکرمہ میں لاکھوں کی تعداد میں صحرائی ٹڈیوں کے آنے سے حرم کلاک ٹاور بھی چھپ گیا۔ سعودی عرب کے اداروں نے ٹڈیوں کو تلف کرنے کیلئے خصوصی سپرے کرنے کا آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق صحرائی ٹڈیوں کو تلف کرنے کیلئے ریاض، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ القصیم، تبوک، عسیر اور الباحہ سمیت دیگر شہروں میں وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ ٹڈیوں سے فصلوں اور چراگاہوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اچانک لاکھوں کی تعداد میں صحرائی ٹڈیوں نے مکہ مکرمہ کی فضاؤں کو گھیر لیا۔ ان ٹڈیوں کی تعداد اس قدر زیادہ تھی کہ اس سے مکہ ٹاور بھی پوری طرح چھپ گیا۔

کہا جا رہا ہے کہ یہ ٹڈیاں یمن اور بعض افریقی ممالک سے سعودی عرب میں داخل ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے مختلف شہروں کو انہوں نے اپنے گھیرے میں لے لیا۔

سعودی شہری اس صورتحال سے بہت پریشان ہیں تاہم سعودی حکام کی جانب سے جاری پیغام میں انھیں تسلی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان صحرائی ٹڈیوں سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، ان سے صحت عامہ کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے تاہم ان کے حملے سے فصلیں تباہ ہو سکتی ہیں، جس کے تدارک کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔