سوئٹزرلینڈ کیساتھ معاہدے سے پاکستان کو فائدہ ہوگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

05:47 PM, 13 Dec, 2019

ملتان:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو سوئٹزرلینڈ کیساتھ ہونے والے حالیہ معاہدے سے فائدہ ہوگا۔


تفصیلات کے مطابق ،  بیرون ملک چھپائی گئی دولت واپس لانے کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، سوئس حکومت نے پاکستان سے بینکوں میں رقوم کی معلومات فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

سوئس حکومت مجموعی طور پر 18 ممالک کو یہ معلومات فراہم کرے گی۔ معلومات فراہم کرنے کی منظوری سوئس پارلیمنٹ نے دی ہے۔ رقوم کی معلومات غیر ملکی باشندوں کے متعلقہ ملکوں کو فراہم کی جائیں گی۔

سوئس حکومت نے پاکستان، البانیہ، آذربائیجان، برونائی، مالدیپ، اومان اور دیگر ممالک کو معلومات حاصل کرنے کی فہرست میں شامل کیا ہے جبکہ سوئس حکومت کے مطابق سوئس بینکوں میں بیشتر ممالک کے 31 لاکھ غیر ملکیوں کے اکاؤنٹس ہیں۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے  کہ افغانستان میں امن پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے فائدہ مند ہے۔ افغانستان میں حالیہ صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان جلد ہو جائے گا۔ پاکستان نے افغان انتخاب میں مداخلت نہیں کی بلکہ سہولیات فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن واستحکام کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔ پاکستان نے افغانستان کے معاملے پر ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔ دنیا افغان مسئلے پر پاکستان کے کردار کو سراہتی ہے۔ پاکستان امن سفر کی حمایت کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں