فیصل آباد: ایف آئی اے فیصل آباد نےسادہ لوح شہریوں سے لاکھوں روپے بٹور کر انہیں غیر قانونی طریقے سے جعلی دستاویزات پر بیرو ن ممالک بھجوانے والے افراد اور ان کے ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجہ میں تین اشتہاری ملزمان سمیت 18انسانی سمگلر ز کو گرفتار کر لیا ہے جن کے خلاف سنگین نوعیت کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی اے فیصل آباد اور سرگودھا سرکل کے تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ملزمان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔
ایف آئی اے فیصل آباد کے ترجمان نے جمعرات کے روز بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد ساجد اکرم چوہدری کی زیر نگرانی کریک ڈاؤن کے دوران انسانی سمگلروں، غیر قانونی طور پر بھاری رقوم کے عوض شہریوں کو نا جائز طریقے سے بیرون ممالک بھجوانے والے مافیا کے خلاف کارروائی کے نتیجہ میں 18 انسانی سمگلر ز اور ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ مختلف عوامی شکایات پر جن انسانی سمگلروں، لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے کا غیر قانونی دھندہ کرنے والوں اور ان کے ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں محمد شکیل ولد فقیر محمد، محمد اسلم ولد احمد بخش، اشتہاری ملزم ناصر عباس ولد محمد عباس، محمد سلیم ولد محمد حسین، عابد حسین ولد عاشق حسین، محمد رفیق ولد مہر دین، محمد شہباز ولد محمد الیاس، فریاد الیاس ولد محمد الیاس، محمد خلیل ولد محمد اسحاق، محمد جہانگیر خان ولد محمد ریاض، ارشد حسین ولد میاں عبدالرزاق، رانا الیاس ولد محمد شریف ، جنید اقبال ولد محمد جاوید، محمد طاہر شیخ ولد عبداللطیف شیخ، سجاد احمد ولد بشیر احمد ، طیب شیخ ولد عبداللطیف، محمد طارق ولد محمد بشیر اور احسان اللہ صابری ولد محمد اسحاق شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف درج مقدمات کی روشنی میں ان سے تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ دوران تفتیش ان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری سمیت سنسنی خیز انکشافات کی بھی توقع ہے۔