مکہ مکرمہ:سعودی عرب میں مکہ مکرمہ میں منشیات کی برآمدگی پر دو غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مکہ میں ہائی و ے پولیس نے ایک کارروائی کے دوران نشہ آور بوٹی کی بڑی مقدار برآمد کرکے دو غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ان دونوں افراد کا تعلق ہندوستان سے ہے ۔یہ دونوں افراد ہائی وے پر سفر کررہے تھے جب الساحل روڈ پر قائم ایک چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں نے ان کی گاڑی کو روکا اور اس کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے کوئی ممنوعہ شے برآمد نہ ہوئی۔تاہم اس تلاشی کے دوران دونوں افراد انتہائی گھبراہٹ کا شکار دکھائی دیئے اور بے چینی سے پہلو بدلتے رہے ۔
ان کی اس حالت دیکھ کر چیک پوسٹ پر مامور اہلکاروں کو شک گزرا جس پر گاڑی کی مزید تلاشی لی گئی تو اس میں ایک خفیہ خانے کا پتہ چلا۔اس خفیہ خانے میں سے بڑی مقدار میں نشیلی بوٹی ’قات‘ کی گانٹھیں برآمد ہوئیں۔جس پر ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے محکمہ انسداد منشیات کے پاس مزید تفتیش کی غرض سے سونپ دیا گیا جہاں ان سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔
محکمہ انسداد منشیات کے مطابق ملزمان سے نشہ آور بوٹی کی تقریباً61 کلوگرام کی گانٹھیں برآمد ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات کا استعمال کرنے والوں اور اسے سمگل کرنے والوں کیلئے کوئی معافی نہیں ہے۔
سعودی عرب نے منشیات کے حوالے سے زیر و ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔جس کے باعث بہت کم لوگ سعودی عرب میں منشیات منتقل کرنے کی جرات کرتے ہیں اور زیادہ تر موثر سکیورٹی نظام کے باعث پکڑے جاتے ہیں اور اپنی جان سے محروم ہوجاتے ہیں۔