قصور میں سفاکانہ قتل، لاشیں درخت سے لٹکا دی گئیں

11:59 AM, 13 Dec, 2018

قصور: صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں دوہرے قتل کی سفاکانہ واردارت پیش آئی جہاں ایک لڑکے اور لڑکی کی لاشیں درخت سے لٹکی ہوئی برآمد ہوئیں. پولیس ذرائع کے مطابق دونوں کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا گیا اور لاشیں قصور بائی پاس کے قریب کھیتوں میں درخت سے لٹکا دی گئیں جس کی اطلاع مقامی افراد نے پولیس کو دی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتول لڑکے کی عمر 25 سال اور وہ لاہور کے علاقے اچھرہ کا رہائشی ہے جس کے پاس سے شناختی کارڈ اور موبائل فون بھی ملا ہے۔دوسری جانب لڑکی کی عمر 16 سے 17 سال کے لگ بھگ ہے تاہم اس کی شناخت نہیں ہو سکی اور نہ ہی یہ علم ہو سکا کہ اس کا تعلق کہاں سے ہے اور وہ یہاں کیسے پہنچی۔

پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں کو یہاں لا کر قتل کر کے واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

ڈی پی او قصور کے مطابق پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا کر مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ فرانزک ماہرین نے بھی جائے وقوع سے مختلف نمونے حاصل کر لیے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی شناخت، جوڑے کے گھر والوں سے بات چیت اور پوسٹمارٹم اور فرانزک رپورٹس ملنے پر اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔

مزیدخبریں