نیو یارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن کو تین سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ کوہن کا کہنا ہے کہ یہ میری ڈیوٹی تھی کہ ٹرمپ کے غلط کاموں کی پردہ پوشی کروں۔
نیویارک کی ڈسٹرکٹ عدالت نے مائیکل کوہن کی فیصلے میں نرمی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کوہن کو تین سال قید کی سزا سنا دی۔مائیکل کوہن کا عدالت میں اپنے جرائم کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹرمپ کے غلط کاموں کو چھپانا میری ڈیوٹی تھی۔
مائیکل کوہن پر ٹیکس فراڈ، مالیاتی اداروں اور کانگریس سے غلط بیانی سمیت انتخابی مہم کی خلاف ورزی اور اداکارہ سمیت ٹرمپ کی دو مخالف خواتین کو پیسے دے کر خاموش کرانے کے الزامات تھے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن ان تمام الزامات پر پہلے ہی اقرار جرم کر چکے تھے۔