ریاض: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔ دارالحکومت ریاض میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی عرب میں پاکستان کے قائم مقام سفیر ذیشان احمد اورجدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اپنے دورے کے دوران صدر عارف علوی روضہ رسول پر حاضری اور عمرہ ادا کیا۔
عمرہ کی ادائیگی کے دوران صدر مملکت عارف علوی کیلئے خانہ کعبہ کے دروازے کھولے گئے اور انہوں نے نوافل ادا کئے۔ خانہ کعبہ کی انتظامیہ کے علاوہ پاکستانی سفیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی 10 دسمبر کو سعودی عرب پہنچے۔ ایئرپورٹ پر مدینہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ سعودبن خالدبن فیصل نے شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستانی قونصل جنرل، قونصلیٹ افسران اور سعودی حکام بھی موجود تھے۔ ایئرپورٹ پر خوشگوار انداز میں سعودی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی گئیں۔