اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نیب نوے فیصد ثبوت حاصل ہو جانے تک کسی پر ہاتھ نہیں ڈالتا ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف نے قوم سے اداروں کو آزاد کرنے کا وعدہ کیا تھا اور آج نیب میں کوئی مداخلت نہیں ہے۔ نیب اس وقت تک کسی پر ہاتھ نہیں ڈالتا جب تک کسی کے خلاف نوے فیصد تک ثبوت حاصل نہیں ہو جاتے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کیخلاف ڈیڑھ سال پہلے کیس فائل کیا تھا۔ خواجہ آصف کی نیب آفس میں موٹی فائلیں دیکھیں جس پر ان کیخلاف جے آئی ٹی بننی چاہیے اور نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیب افسر نے فائلیں نہیں دکھائیں ہیں بلکہ اتفاقیہ طور پر دیکھی ہیں کیونکہ ہمارا نیب سے کوئی لینا دینا نہیں۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو سپریم کورٹ سے اقامہ پر ریلیف ملا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات ماننا ہو گی کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور اگلے چند دنوں میں حکومت قانون سازی کی طرف جائیگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہی وزیر خزانہ جن کے بارے میں باتیں کی جا رہی ہیں وہ معیشت کو ٹھیک کر کے دکھائیں گے۔