استنبول:© وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے او آئی اسی اجلاس کے دوران یروشلم تنازع کے حل کے لیے تین سفارشات پیش کر دیں۔
ترکی میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے مسئلے کے حل کے لیے تین سفارشات پیش کر دیں۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اگر سلامتی کونسل اس معاملے پر سنجیدگی نہیں دکھاتی تو اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھایا جائے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قابض صیہونی افواج کا تسلط ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم اقتصادی طور پر بھی دباو ڈالے۔پاکستانی وزیراعظم نے تیسری سفارش پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو عالمی عدالت انصاف میں بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سفارشات کو سراہا۔اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے او آئی سی اجلاس کی سائیڈ لائن کے دوران استبول کے میئر سے ملاقات کی۔
خیال رہے کہ استنبول میں او آئی سی کا اجلاس جاری ہے جس میں امریکا کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔