ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچریوں کی ہیٹرک کرنے کاا عزاز روہت شرما کے نام

ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچریوں کی ہیٹرک کرنے کاا عزاز روہت شرما کے نام

موہالی : بھارتی جارح مزاج بلے باز روہت شرما ایک روزہ کرکٹ میں تین ڈبل سنچریاں بنانے والے دنیائے کرکٹ کے واحد بلے باز بن گئے۔ 

موہالی کے پنجاب کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روز میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور تمام 50 اوورز کریز پر موجود رہے۔ روہت شرما نے 12 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 153 گیندوں پر 208 رنز بنا کر نیا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ 

وہ ایک روزہ کرکٹ میں 3 ڈبل سنچریاں بنانے والے دنیائے کرکٹ کے واحد بیٹسمین بن گئے جب کہ ان کے جارحانہ کھیل کی بدولت بھارتی ٹیم نے مہمان ٹیم کو 393 رنز کا بڑا ہدف دیا۔

روہت شرما نے اس سے قبل 3 نومبر 2013 کو بنگلورو میں آسٹریلیا کے خلاف 209 رنز بناکر پہلی ڈبل سنچری بنائی تھی۔

جارح مزاج بلے باز نے 14 نومبر 2014 کو دوسری ڈبل سنچری سری لنکا ہی کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں بنائی جس میں بھی انہوں نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 264 رنز بنائے جو کہ کسی بھی کھلاڑی کا ایک روزہ میچ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

روہت شرما ڈبل سنچری بنانے والے تیسرے بھارتی بلے باز ہیں، اس سے قبل سچن ٹنڈولکر (200) اور وریندر سہواگ (219) بھی ڈبل سنچریاں بنا چکے ہیں۔