مغرور نواز لیگ مفرور پارٹی بن چکی، اسحاق ڈار کو انٹر پول کے ذریعے واپس لایا جائے, عبدالعلیم خان

مغرور نواز لیگ مفرور پارٹی بن چکی، اسحاق ڈار کو انٹر پول کے ذریعے واپس لایا جائے, عبدالعلیم خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مغرور نواز لیگ مفرور پارٹی میں بدلتی جارہی ہے، قوم کو مقروض بنا  کر لندن بھاگ جانے والے اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے واپس لایا جائے، برطانوی شہریت کے پیچھے چھپنے والے شریف خاندان کے سپوتوں کو بھی کٹہرے میں کھڑا   کرنا ہوگا، چوروں اور لٹیروں کا کھلا چھوڑ دیا گیا تو احتساب کا عمل ادھورا رہ جائے گا ۔

عبدالعلیم خان نے چئیرمین سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع کے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی حالت خطرے کی گھنٹی بجا رہی ہے اگر ملک دیوالیہ ہوا تو ذمہ داری شریف خاندان پر عائد ہو گی کیونکہ شریف خاندان اور درباریوں نے ہر دور اقتدار میں عوام کے حقوق پر ڈاکے ڈالتے ہوئے اپنی تجوریاں بھری ہیں،سستی روٹی، میٹروبس سے لیکر اورنج ٹرین تک ہر منصوبہ کمیشن خوری کیلئے بنایا گیا.

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے کرپشن کے نت نئے طریقے ایجاد کئے گئے، اسحاق ڈار کی ہر معاشی پالیسی نے کرپٹ مافیا کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرتے ہوئے عام آدمی کو مہنگائی اور بیروزگاری کے تحفے دیئے، انہوں نے کہا کہ راہ فرار اختیار کرنے والے اس قومی مجرم کی خودساختہ بیماری کا پول کھل چکا، فوری طور پر ملک میں واپس لاکر پائی پائی کا حساب لیا جائے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے اپنی نجی ہاؤسنگ سکیموں کیلئے ترقیاتی کام کروانے والے سعد رفیق کس منہ سے شفافیت کے دعوے کرتے ہوئے اپنا گلا خشک کرتے ہیں،نواز شریف کو مظلوم ثابت کرنے کیلئے جھوٹے پراپیگنڈا کی مہم سے فرصت ملے تو کبھی اپنے گریبان میں جھانک لیں۔

مصنف کے بارے میں