پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان تاحال خفیہ رابطے ہیں، میاں محمودالرشید

05:51 PM, 13 Dec, 2017

لاہور:  پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا   کہ کرپشن اور کمیشن حکمرانوں کا خاصہ ہے جب عام آدمی تعلیم، صحت، صاف پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہو، بروقت انتخابات میں مسلم لیگ ن خود رکاوٹیں ڈال رہی ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان تاحال خفیہ رابطے ہیں، دونوں جماعتیں احتساب اور بروقت انتخابات سے خوفزدہ ہیں یہی انکو اب تک جوڑے ہوئے ہے۔ملک میں عدلیہ اور فوج کیخلاف منظم صف بندی کی جا رہی ہے، حکمران جماعت نہ صرف ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنیکی کوشش کر رہی ہے بلکہ حالات کو انتشار کی طرف لے جا رہی ہے، اسی وجہ سے مسلم لیگ ن میں نظریاتی گروہ نے خود کو الگ کر لیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ اداروں کو کام نہیں کرنے دیا جا رہا، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی ابتر اور حکومتی کنٹرول سے باہر ہے، قومی اسمبلی ہو یا صوبائی ایوان حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام ہے، ملک میں بے چینی سی ہے، حکومت اپنی رٹ کھوچکی ہے، حکومت ایک طرف نواز شریف اور دوسری جانب شہباز شریف کے دفاع میں لگی ہے، کہیں حکومت کی رٹ قائم نہیں رہی، لہٰذا فی الفور نئے انتخابات کراکر ملک میں بے چینی کی کیفیت ختم کی جائے۔

علاوہ ازیں پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے وفد نے اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کی، وفد کی قیادت چودھری عظمت اور منصورامین نومی کر رہے تھے۔ اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندے سول آمریت کی زد میں آگئے، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ن لیگ کے دور میں ممکن نہیں۔

میاں محمودالرشید نے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور فنڈز کی فراہمی کا معاملہ اسمبلی میں اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ انکا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بہترین بدیاتی نظام کے تحت عوامی نمائندوں کو مکمل اختیارات دیئے گئے ہیں جس کے باعث عوام کے بیشتر مسائل انکی دہلیز پر ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں